پاکستان ہاکی لیگ کے باضابطہ افتتاح کی تاریخ سامنے آگئی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی کے شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، پاکستان ہاکی لیگ کے باضابطہ افتتاح کی تاریخ مقرر کردی گئی، لیگ کا پہلا سیزن 14 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔
پاکستان ہاکی لیگ کو ایف آئی ایچ پرو لیگ اور انڈین ہاکی لیگ کی طرز پر تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس کے تحت ملکی ہاکی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ نجی اور کارپوریٹ شعبے کو بھی کھیل سے جوڑا جائے گا۔
پہلے سیزن میں 6 سے 8 فرنچائز ٹیمیں شامل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے، جبکہ غیرملکی کھلاڑیوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔
لیگ کے ذریعے فرنچائز ملکیت، براڈکاسٹنگ، اسپانسرشپ، ڈیجیٹل کنٹینٹ اور دیگر تجارتی مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی، جس سے ہاکی کے لیے نئے کاروباری اور سرمایہ کاری کے راستے کھلنے کی توقع ہے۔
غیرملکی کھلاڑیوں اور عالمی ماہرین کی شمولیت سے پاکستانی کھلاڑیوں اور ہاکی سے وابستہ پروفیشنلز کو بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا۔لیگ کے دوران اسپورٹس سائنس، نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور گراس روٹ ہاکی پر بھی خصوصی توجہ دینے کا منصوبہ ہے، تاکہ ملک میں ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔



