لانگ مارچ سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے، احتجاج کرنا پارٹی کا جمہوری حق ہے اور مارچ پرامن ہوگا۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سے گزشتہ روز ٹیلیفون پر رابطہ ہوا تھا، تاہم آج ان سے ملاقات کا امکان نہیں۔
خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی سے متعلق سوال پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صوبے میں نہ ایمرجنسی لگنی چاہیے اور نہ ہی ایسی کوئی صورتحال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ پی ٹی آئی کا سیاسی اور اٹل فیصلہ ہے اور پارٹی کسی پر چڑھائی کرنے نہیں جارہی۔بیرسٹر گوہر نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی تبدیلی سے متعلق سوال پر واضح کیا کہ سہیل آفریدی ہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔ انہوں نے دیگر ارکان اسمبلی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی ایز وزیراعلیٰ کے لیے اپنی سی ویز جیب میں رکھیں۔شوکت یوسفزئی کی جانب سے پارٹی قیادت کو بھیجے گئے خط کے حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ شوکت یوسفزئی نے واٹس ایپ پر خط بھیجا تھا اور یہ معاملہ ان دونوں کے درمیان ہے۔ ان کے مطابق پارٹی کو شوکت یوسفزئی سے کوئی ناراضی نہیں اور وہ اب بھی صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے اور پارٹی میں اس نوعیت کے خطوط آتے رہتے ہیں۔شوکت یوسفزئی نے حال ہی میں قیادت کو خط لکھ کر سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر 4 اکتوبر کے لانگ مارچ کو مزید مؤخر کرنے کی تجویز دی تھی، تاہم بیرسٹر گوہر سمیت پارٹی قیادت نے مارچ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔



