سعودی عرب کا کوئی بھی دشمن پاکستان کادشمن،تمام وسائل سے دفاع کرینگے،خواجہ آصف کا دوٹوک اعلان

روم (جانو ڈاٹ پی کے)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے اور سعودی عرب کو حوثیوں کے حملوں سے بچانے کے لیے پاکستان کے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جاسکتے ہیں۔

عرب نیوز کو دورہ روم کے دوران دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے سعودی عرب میں موجود پاکستانی فوجیوں کی ممکنہ فضائی کارروائیوں میں شرکت کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوجی صلاحیتیں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کے لیے دستیاب ہوں گی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وہ معاہدے کی تفصیلات میں نہیں جائیں گے، تاہم جب وہ کہتے ہیں کہ پاکستان معاہدے کے تحت سعودی عرب کے دفاع کا پابند ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے پاس موجود وسائل سعودی عرب کے لیے دستیاب ہوں گے۔

وزیر دفاع نے حوثیوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی براہِ راست شمولیت یا سعودی عرب کی جانب سے کسی مخصوص فوجی مدد کی درخواست کی تصدیق نہیں کی۔ دوسری جانب حالیہ دنوں میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی تعاون اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام پر بات چیت بھی ہوئی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں اور یمن میں بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں تک ان کا کنٹرول وسیع ہوا ہے۔

وزیر دفاع نے حوثیوں کو جارح قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کو مدد فراہم کرنے کے پاکستان کے عزم میں کوئی ابہام نہیں۔ ان کے بقول سعودی عرب کا کوئی بھی دشمن پاکستان کا دشمن ہے۔

خواجہ آصف نے واضح کیا کہ سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے اور کسی مخصوص ملک کے خلاف نہیں۔ تینوں ممالک اس معاہدے کے تحت سیکریٹریٹ قائم کرنے اور اتحاد کا فریم ورک تیار کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بعض دیگر ممالک نے بھی اس اتحاد میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم فی الحال اتحاد کو فوری طور پر وسعت دینے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

مزید خبریں

Back to top button