لاہور میں”نکے”تھانیدار کورشوت خوری مہنگی پڑ گئی،اپنی ہی حوالات میں بند

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)مبینہ رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آنے پر لاہور پولیس کے اے ایس آئی نور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے حوالات میں بند کردیا گیا، جبکہ تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق اے ایس آئی نور کی مبینہ رشوت وصولی کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر کارروائی عمل میں لائی گئی اور اہلکار کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کردیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ نمبر 4881/26 درج کرلیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل انکوائری ایس پی سٹی کو مارک کردی گئی ہے۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق انکوائری میں اگر اے ایس آئی نور کی ذمہ داری ثابت ہوگئی تو اس کے خلاف مزید سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ رشوت ستانی، اختیارات سے تجاوز اور شہریوں سے ناروا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار قانون کے محافظ ہیں، شہریوں سے بدسلوکی یا غیر قانونی رعایت کی کوئی گنجائش نہیں۔ پولیس اہلکاروں کو قانون اور ضابطے کے مطابق اپنے فرائض انجام دینا ہوں گے۔



