پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کیخلاف درخواست،وفاقی حکومت کو جواب کیلئے27اکتوبر تک مہلت

لاہورہائیکورٹ(جانو ڈاٹ پی کے)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی عائد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو جواب داخل کرانے کے لیے 27 اکتوبر تک مہلت دے دی۔جسٹس حسن نواز مخدوم کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے جوڈیشل ایکوٹیزم پینل کی درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کیس کی فائل ایک روز قبل ملی ہے۔ سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ جواب داخل کرانے کے لیے مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو جواب جمع کرانے کے لیے 27 اکتوبر تک وقت دے دیا۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت نے عالمی سطح پر قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پیٹرول مہنگا کیا، جبکہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ این ایف سی ایوارڈ اور آئین کی روح کے بھی خلاف ہے۔

درخواست گزار کے مطابق عوام سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں اربوں روپے اضافی وصول کیے جارہے ہیں۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت 310 روپے نہیں بلکہ تقریباً 270 روپے اور ڈیزل کی قیمت تقریباً 293 روپے ہونی چاہیے۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آئل کمپنیوں کو ریکارڈ منافع حاصل ہورہا ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر عملدرآمد روکنے کا حکم دیا جائے، جبکہ اوگرا اور وزارت توانائی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی طلب کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button