دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز کی سعودی عرب میں ہنگامی لینڈنگ، پائلٹس کے جھگڑے کی اطلاع

تبوک(ویب ڈیسک) دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 نے دورانِ پرواز ہنگامی سگنل جاری ہونے کے بعد سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، واقعے کی ابتدائی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق پرواز نے پہلے ہنگامی صورتحال سے متعلق کوڈ 7700 اور بعد ازاں مختصر وقت کے لیے ہائی جیکنگ کا کوڈ 7500 بھی جاری کیا۔ ہنگامی سگنل کے بعد طیارے کا رخ اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا۔
فلائٹ ٹریکنگ ذرائع کے مطابق طیارے کو سعودی فضائی حدود میں فوجی طیاروں نے گھیرے میں لیا، جس کے بعد اسے تبوک ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافروں کی موجودگی کی اطلاعات ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کے ترجمان نے واقعے کو ہائی جیکنگ قرار دینے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرواز کا معاملہ ہائی جیکنگ نہیں تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ابتدائی جائزے میں سامنے آیا ہے کہ ہنگامی سگنل کاک پٹ میں پائلٹس کے درمیان مبینہ جھگڑے کے دوران فعال ہوا۔ تاہم واقعے کی مکمل وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں۔
حکام کی جانب سے طیارے کے عملے سے پوچھ گچھ اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ دورانِ پرواز ہنگامی کوڈز کیوں فعال ہوئے اور طیارے کا رخ سعودی عرب کی جانب کیوں موڑا گیا۔



