امریکا کی ایران اور روس کی 3 کمپنیوں پر نئی پابندیاں عائد

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکا نے ایران کو ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی ترسیل روکنے کی کوششوں کے تحت ایران کے ایک جبکہ روس کے 2 اداروں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کا نشانہ ایران کی ساہا ایئرلائنز، روسی طیارہ ساز کمپنی یاکوولیو اور روسی شپنگ کمپنی ایم جی فلوٹ بنی ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یاکوولیو نے ایران کو یاک-130 جنگی تربیتی طیارے اور متعلقہ سامان فراہم کیا، جبکہ ایم جی فلوٹ کے زیرانتظام بحری جہاز ایران سے روس کو بیلسٹک میزائلوں کی منتقلی میں ملوث رہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق ساہا ایئرلائنز ایران کے لیے ہتھیاروں اور متعلقہ فوجی سازوسامان کی منتقلی میں ملوث رہی ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ نئی پابندیاں ایران پر اقوام متحدہ کی بحال شدہ پابندیوں کی حمایت میں عائد کی گئی ہیں اور یہ اقدامات ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق پابندیوں کا بنیادی مقصد ایران کے ہتھیاروں کی ترسیل کے نیٹ ورک کو محدود کرنا اور اس سے منسلک اداروں پر مالی و تجارتی دباؤ بڑھانا ہے۔



