پشاور بی آر ٹی میں بڑی توسیع، 52 نئی بسیں شامل، مجموعی تعداد296ہوگئی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے نئی ہائبرڈ بسوں، پنک بس سروس، چمکنی ڈپو کی سولرائزیشن اور مال آف حیات آباد ڈپو کا افتتاح کردیا۔

تقریب میں دی گئی بریفنگ کے مطابق پشاور بی آر ٹی روزانہ تقریباً ڈھائی لاکھ مسافروں کو سفری سہولیات فراہم کررہی ہے، جن میں 30 فیصد خواتین شامل ہیں۔ بی آر ٹی کے ذریعے سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں کمی بھی ہورہی ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی آر ٹی کی مسلسل توسیع منصوبے کی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی سفری ضروریات کی عکاسی کرتی ہے۔ مزید 52 نئی بسیں سروس میں شامل کی جارہی ہیں، جس کے بعد بی آر ٹی بسوں کی مجموعی تعداد 296 ہوجائے گی۔

نئی بسوں کی شمولیت سے مزید روٹس کھولنے اور موجودہ روٹس پر مسافروں کے دباؤ میں کمی لانے میں مدد ملے گی، جبکہ خواتین مسافروں کی خصوصی ضروریات کے پیش نظر پنک بس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے۔

بریفنگ کے مطابق چمکنی ڈپو میں ایک میگاواٹ کا سولر سسٹم مکمل کرلیا گیا ہے، جس سے سالانہ تقریباً 14 لاکھ 40 ہزار یونٹس بجلی پیدا ہوگی اور بجلی کے اخراجات میں سالانہ تقریباً 7 کروڑ 60 لاکھ روپے کی بچت متوقع ہے۔

مزید 50 بسوں اور 6.2 ارب روپے کی لاگت سے نئے ڈپو کی خریداری و تعمیر کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ مزید 50 بسیں موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کی گئی ہیں، جن پر تقریباً 5 ارب روپے لاگت آئے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بی آر ٹی کی مکمل سولرائزیشن کے لیے 1.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد بجلی کے اخراجات میں مزید کمی متوقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button