نوجوان اپنے مستقبل کا بروقت تعین کرکے محنت اور مستقل مزاجی سے آگے بڑھیں، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی

گھوٹکی(رپورٹ: وجے کمارچاولا)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بروقت اپنے مستقبل کے شعبے کا تعین کرتے ہوئے مستقل مزاجی اور محنت کے ساتھ اپنے مقصد کی جانب آگے بڑھنا چاہیے، کیونکہ محنت اور لگن سے ہی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج میرپور ماتھیلو میں محکمہ کالجز کے زیر اہتمام منعقدہ میگا پینٹنگ ایونٹ 2026ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد رند، پرنسپل جی ڈی سی گھوٹکی پروفیسر عبدالحفیظ ڈایو، پرنسپل جی ڈی سی ڈہرکی پروفیسر غلام رسول قاضی، پرنسپل گرلز کالج ڈہرکی پروفیسر تہمینہ خاتون سمیت اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی طلبہ کی ذہنی، تخلیقی اور فکری نشوونما کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ محکمہ کالجز کی جانب سے میگا پینٹنگ ایونٹ جیسی سرگرمیاں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں نئے خیالات، اظہارِ رائے اور تحقیق کا جذبہ پیدا کرتی ہیں، جس سے ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں تخلیق اور تحقیق کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سال نوجوانوں کی زندگی کا انتہائی اہم اور سنہری دور ہوتے ہیں، جس دوران انہیں اپنے مستقبل کے لیے واضح حکمتِ عملی تشکیل دے کر وقت کا بہتر استعمال کرتے ہوئے تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے کالج انتظامیہ پر زور دیا کہ مستقبل میں بھی ایسی صحت مند، تعمیری اور تخلیقی سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جائیں، تاکہ طلبہ کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں خود اعتمادی اور مثبت سوچ کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر شفیق احمد رند نے کہا کہ مستقبل نوجوانوں کا ہے اور انہیں وقت ضائع کرنے کے بجائے تعلیمی اور تخلیقی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔ قبل ازین ریجنل ڈائریکٹر کالجز سکھر نے ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کو پروگرام میں شرکت اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے پر اجرک کا تحفہ پیش کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے طلبہ کی جانب سے بنائی گئی پینٹنگز کا جائزہ لیا اور ان کی تخلیقی کاوشوں کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button