بدین میں مبینہ ’بینک اکاؤنٹ‘ گینگ پکڑا گیا،3ملزم گرفتار،2فرار

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/ جانو ڈاٹ / پی کے)انچارج ڈی آئی سی سب انسپکٹر محمد عارف جروار، ایس ایچ او تھانہ بدین سب انسپکٹر علاول خاصخیلی اور انچارج سی آئی اے بدین انسپکٹر علن خان عباسی نے کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرزاق بوھڑ، جمیل الزماں بوھڑ اور عرفان علی بوھڑ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ گروہ کے دو ملزمان ثناءاللہ بوھڑ اور دلدار علی ملاح فرار ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں
ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان د یہی اور نادار خواتین و مرد کو مالی فائدے کا جھانسہ دے کر ان کے نام پر مختلف بینکوں میں اکاؤنٹس کھلو اتے اور بعد ازاں یہ بینک اکاؤنٹس نوسربازوں کو بھاری رقم کے عوض فروخت کرتے تھے گرفتار ملزمان کے موبائل فونز سے سینکڑوں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات برآمد ہوئی ہیں، جبکہ متعدد واٹس ایپ گروپس بھی سامنے آئے ہیں جن میں مختلف بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات، اکاؤنٹ ہولڈرز کی معلومات اور اکاؤنٹس کی خرید و فروخت سے متعلق مواد شیئر کیا جاتا تھا ملزمان نے باقاعدہ طور پر واٹس ایپ گروپس بنا رکھے تھے، جہاں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات شیئر کی جاتیں اور نوسرباز اپنی ضرورت کے مطابق اکاؤنٹس خریدتے تھے
بعد ازاں خریدے گئے بینک اکاؤنٹس کو مبینہ طور پر مختلف نوعیت کے آن لائن فراڈ، دھوکہ دہی اور دیگر غیر قانونی مالی معاملات میں استعمال کیا جاتا تھا، جبکہ فراڈ کے ذریعے حاصل کی جانے والی رقم انہی اکاؤنٹس میں منتقل کروائی جاتی تھی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان کے موبائل فونز سے بینک اکاؤنٹس کی فروخت سے متعلق تشہیری پیغامات، واٹس ایپ گروپس اور دیگر اہم شواہد بھی سامنے آئے ہیں پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ برآمد شدہ موبائل فونز، اے ٹی ایم کارڈز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی فرانزک و تکنیکی بنیادوں پر جانچ پڑتال بھی کی جا رہی ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے منسلک مزید افراد اور نوسربازوں کا سراغ لگایا جا سکے ملزمان کے خلاف تھانہ بدین پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں



