بھارت میں نومولود بچوں پر سونے کی بارش، سرکاری ہسپتالوں میں مفت انگوٹھیوں کی تقسیم شروع

تامل ناڈو (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے نومولود بچوں میں مفت سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم شروع کردی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ اور سابق اداکار سی جوزف وجے نے رواں سال جون میں ’’تھائی ممن گولڈ رنگ سکیم‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت ریاست کے سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کو ایک گرام وزنی سونے کی انگوٹھی دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق سکیم پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے اہل نومولود بچوں میں سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم کی جارہی ہے۔تامل ناڈو حکومت کے مطابق سکیم کا مقصد سرکاری ہسپتالوں میں زچگی کی شرح میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ طبی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے۔دوسری جانب اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے سکیم پر تنقید بھی سامنے آئی ہے۔ بی جے پی رہنما تمیلیسائی سوندار راجن نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھی دینا بظاہر خوش آئند اقدام ہوسکتا ہے، تاہم خاندانوں کو روزمرہ زندگی میں بنیادی غذائی ضروریات تک قابلِ اعتماد رسائی زیادہ فوری طور پر درکار ہے۔



