دہلی کی فضا زہریلی ہونے کا خدشہ، تعمیراتی سرگرمیوں پر 6 ہفتوں کی پابندی

نئی دہلی (جانو ڈاٹ پی کے)نئی دہلی میں خطرناک فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے تقریباً 6 ہفتوں کے لیے تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی۔
رپورٹ کے مطابق تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی 10 دسمبر سے 20 جنوری تک ’موسمِ سرما کے ایکشن پلان‘ کے تحت نافذ رہے گی۔ منصوبے میں گاڑیوں کی آمدورفت محدود کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو نجی گاڑیوں کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔
دہلی کے وزیرِ ماحولیات منجندر سنگھ سرسا کے مطابق سخت اقدامات کا بروقت نفاذ موسمِ سرما میں شہر کی فضائی آلودگی کو خطرناک حد تک بڑھنے سے روکنے میں مدد دے گا۔رپورٹ کے مطابق نجی گاڑیوں کے استعمال کی حوصلہ شکنی کے لیے یکم نومبر سے پارکنگ فیس بھی دوگنی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق سردیوں کے دوران دہلی میں فضائی آلودگی اکثر خطرناک سطح تک پہنچ جاتی ہے۔ ٹھنڈی ہوا آلودہ ذرات کو زمین کے قریب محصور کر دیتی ہے، جس سے شہریوں کے لیے فضائی آلودگی کا مسئلہ مزید سنگین ہوجاتا ہے۔تحقیق کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ 2009 سے 2019 کے دوران بھارت میں 38 لاکھ (3.8 ملین) اموات کا تعلق فضائی آلودگی سے تھا۔رپورٹ کے مطابق تقریباً 3 کروڑ آبادی والے دہلی میں پاور پلانٹس کا اخراج، شدید ٹریفک، تعمیراتی سرگرمیاں اور فصلوں کی باقیات جلانا فضائی آلودگی میں اضافے کے اہم عوامل میں شامل ہیں۔



