افغان سرزمین سے حملہ ہوا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے،عطا تارڑ کا بڑا اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی کوششوں پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان سے دہشتگردی کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور صرف امن ہی ترقی کا راستہ ہے، تاہم پاکستان کی امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے افغان شہریوں کی میزبانی کرتا رہا ہے، افغان عوام اور افغان حکومت کے نظریات میں فرق ہے اور افغان عوام کو بنیادی حقوق اور معاشی بہتری ملنی چاہیے۔

عطا تارڑ کے مطابق افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے موجود ہیں اور افغان حکومت کو دہشتگردی کے مائنڈ سیٹ سے نکلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان عبوری حکومت دہشتگردی کو ایک مسئلہ تسلیم کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قیامِ امن کے لیے افغانستان میں وفود بھیجے ہیں، تاہم افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کی ہر کوشش کا جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی کا پہلے بھی جواب دیا گیا ہے اور آئندہ بھی دیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button