پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 20 فیصد سے زائد اضافہ، شزہ فاطمہ نے بڑا ہدف بتا دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں سالانہ 20 فیصد سے زائد اضافہ ہو رہا ہے اور حکومت وزیراعظم کی جانب سے مقرر کردہ 25 ارب ڈالر کے آئی ٹی برآمدات کے ہدف کے حصول کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔اسلام آباد میں ہواوے گلوبل سروس سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان افرادی قوت اور آئی ٹی ٹیلنٹ ملک کے ڈیجیٹل سروسز سیکٹر کو عالمی مارکیٹ میں مسابقت کے قابل بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان کی معیشت روایتی کارگو اور شپمنٹس کے بجائے جدید نالج بیسڈ سروسز کی جانب منتقل ہو رہی ہے، جبکہ پاکستانی آئی ٹی ماہرین عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں بیٹھے تقریباً 2 ہزار 500 نوجوان انجینئرز مشرق وسطیٰ، افریقا اور لاطینی امریکا سمیت 100 سے زائد عالمی مارکیٹس کے ٹیلی کام اور آئی ٹی نیٹ ورکس چلا رہے ہیں۔
شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی ٹیلنٹ معیار اور لاگت دونوں اعتبار سے عالمی سطح پر مسابقت کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ آئی ٹی شعبہ ملکی معیشت کے لیے خدمات اور زرمبادلہ کے حصول کا اہم ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔
وزارت آئی ٹی کے اعداد و شمار کے مطابق آئی ٹی و آئی ٹی ای ایس برآمدات میں سالانہ تقریباً 19 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ وزیرِ آئی ٹی کے مطابق مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچیں۔



