جعلی ریکوری ایجنٹس کا نیٹ ورک بے نقاب،راولپنڈی سے61ملزم گرفتار

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) راولپنڈی سرکل نے غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 61 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
حکام کے مطابق این سی سی آئی اے کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ راولپنڈی کے علاقے کمرشل مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک غیر قانونی کال سینٹر قائم ہے، جہاں مبینہ طور پر بیرونِ ملک شہریوں کو غیر قانونی قرضوں کی وصولی کے نام پر ڈرا دھمکا کر ہراساں کیا جارہا تھا۔
اطلاع ملنے پر این سی سی آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹیم تشکیل دی اور کال سینٹر پر چھاپہ مار کر 61 ملزمان کو مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 71 موبائل فونز اور 155 لیپ ٹاپس برآمد ہوئے۔ حکام کے مطابق تمام ڈیجیٹل آلات اور ان میں موجود ڈیٹا کو فرانزک تجزیے کے لیے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر جعلی ریکوری ایجنٹس بن کر غیر ملکی شہریوں کو دھمکیاں دیتے اور رقوم بٹورتے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سرگرمی سے متاثرہ افراد کو ذہنی اذیت کا سامنا تھا جبکہ پاکستان کی ساکھ بھی متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش اور ڈیجیٹل آلات کا تکنیکی و فرانزک تجزیہ جاری ہے۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ غیر قانونی کال سینٹرز ملک کی ساکھ اور عوام کے اعتماد کے لیے بڑا خطرہ ہیں، ایسے مراکز اور سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔



