چلاس میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر فائرنگ، 3 اہلکار زخمی

 چلاس (جانو ڈاٹ پی کے) گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں شیر نالہ کے قریب بشیداس زیرو پوائنٹ پر جی بی سکاؤٹس کی پٹرولنگ گاڑی پر پہاڑی کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم سمت سے ہونے والی فائرنگ میں 2 ایس ایس یو پولیس اہلکار اور ایک جی بی سکاؤٹس جوان زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر بشیداس ایف ڈبلیو او اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کا وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی گلگت بلتستان اور تمام متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حملے میں ملوث عناصر کی فوری گرفتاری کے لیے بھرپور کارروائی کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے آئی جی کو واقعے کی فوری، جامع اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے حملہ آوروں کی شناخت کے لیے جدید تفتیشی ذرائع اور انٹیلی جنس معلومات بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

امجد حسین نے واضح کیا کہ ملزمان کی گرفتاری میں کسی قسم کی تاخیر یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو حملے کے محرکات، منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور معاونین کا بھی سراغ لگانے اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں کو بشیداس، شیر نالہ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ و کومبنگ آپریشنز، نگرانی اور سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے جبکہ مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔

مزید خبریں

Back to top button