سہیل آفریدی کیخلاف عدم اعتماد کا معاملہ، شیر افضل مروت کا بانی پی ٹی آئی کے پیغام کا دعویٰ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف عدم اعتماد کی ممکنہ تحریک سے متعلق دعووں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے وکیل سلمان صفدر کے ذریعے وزیراعلیٰ کو عہدے سے الگ ہونے کا پیغام دیا تھا۔

شیر افضل مروت کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا مؤقف تھا کہ اسلام آباد مارچ شاید سہیل آفریدی کی صلاحیت سے زیادہ ہے اور انہیں وزارتِ اعلیٰ سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی سے متعلق پیغامات کی بشریٰ بی بی کی فیملی اور نورین نیازی نے بھی تصدیق کی۔ ان کے مطابق نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی سے سہیل آفریدی کے معاملے پر مزید گفتگو کی، جس کے دوران بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ علی امین گنڈاپور نے سہیل آفریدی کو ناکام بنانے کے لیے ایک پریشر گروپ تشکیل دے رکھا ہے اور تقریباً 35 ارکان صوبائی اسمبلی ان کے خلاف بغاوت پر آمادہ ہیں۔

ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے دریافت کیا کہ ان ارکان اسمبلی کے مطالبات کیا ہیں، جس پر انہیں بتایا گیا کہ ارکان کا مؤقف ہے کہ سہیل آفریدی مؤثر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔

شیر افضل مروت کا مزید دعویٰ ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ارکان اسمبلی کے مؤقف کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی کی حکومت کے برقرار رہنے کے امکانات نہیں۔

دوسری جانب ان دعوؤں کی تردید بھی سامنے آئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور عمران خان کے اہلخانہ نے سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے بانی پی ٹی آئی کی ہدایت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button