تاپسی پنو نے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی وجہ بتا دی

نئی دلی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو نے اپنی شادی کو نجی رکھنے اور تقریب کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کے فیصلے پر پہلی بار کھل کر اظہار خیال کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تاپسی پنو نے رواں برس سابق اولمپک بیڈمنٹن کھلاڑی ماتھیاس بو سے قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے جان بوجھ کر شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں، کیونکہ وہ اپنی شادی کو زندگی کا ایک ذاتی اور نجی لمحہ رکھنا چاہتی تھیں۔
تاپسی پنو کا کہنا تھا کہ وہ اپنی شادی کو عوام کے لیے کسی شو یا پروموشنل ایونٹ میں تبدیل نہیں کرنا چاہتی تھیں۔ ان کے مطابق شوبز شخصیات کی زندگی کے ہر فیصلے پر فوری رائے اور تنقید شروع ہوجاتی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ نہیں چاہتی تھیں کہ ان کے خصوصی دن پر توجہ لباس، زیورات یا مہمانوں کے بجائے ان چیزوں پر ہونے والی غیرضروری بحث پر مرکوز ہوجائے۔
تاپسی کے مطابق انہوں نے قریبی دوستوں اور اہلخانہ کی موجودگی میں سادگی کے ساتھ شادی کی تمام رسومات ادا کیں اور وہ اپنے اس فیصلے سے بےحد مطمئن ہیں۔



