لاہور میں کم عمر ڈرائیورز اور ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سٹی ٹریفک پولیس نے آج اور کل شہر بھر میں کم عمر ڈرائیورز، بغیر لائسنس و ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کا فیصلہ کرلیا۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کے چالان کے ساتھ ان کی گاڑی یا موٹرسائیکل بھی بند کی جائے گی، تاہم جووینائل پرمٹ پیش کرنے کی صورت میں کم عمر ڈرائیور کی موٹرسائیکل چھوڑ دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی پر پہلے مرحلے میں چالان کیا جائے گا، جبکہ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق ہفتہ اور اتوار کو کم عمر بچے موٹرسائیکل، گاڑی اور رکشے لے کر سڑکوں پر آجاتے ہیں، اس لیے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹرسائیکل پر تین سواروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ لرنر پرمٹ پر گاڑی چلانے کی اجازت نہیں، جبکہ بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 5 ہزار روپے اور موٹرسائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا، ساتھ ہی گاڑی بھی بند کی جائے گی۔

سی ٹی او کے مطابق لائسنس دفاتر کے باہر بھی خصوصی ہولڈ اپ ہوگا، جہاں موٹرسائیکل سواروں کو موقع پر لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button