لاہور ڈیفنس میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ زیادتی، مزید 3 افراد گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ڈیفنس کے علاقے میں غیر ملکی لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، پولیس نے ملزمان کی مبینہ سہولت کاری کے شبے میں مزید 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے تینوں افراد مبینہ طور پر ملزمان تنویر اور محسن کے رشتے دار ہیں۔ پولیس واقعے کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کے ساتھ متاثرہ لڑکی کی پاکستان آمد، قیام اور نقل و حرکت سے متعلق معلومات بھی جمع کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی، جس کی شناخت ڈیانا کے نام سے کی گئی ہے، مبینہ طور پر تیسری مرتبہ پاکستان آئی تھی۔ وہ اس سے قبل مارچ اور مئی میں بھی پاکستان آچکی تھی۔

ذرائع کے مطابق ڈیانا پہلی مرتبہ 4 مارچ کو تاشقند سے لاہور پہنچی، جہاں مبینہ طور پر ردا حمید کے پاس قیام کیا، اور 20 مارچ کو پاکستان سے واپس روانہ ہوگئی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈیانا دوسری مرتبہ 22 مئی کو باکو سے پاکستان پہنچی اور اس دوران مبینہ طور پر راشد علی کے پاس قیام کیا۔

متاثرہ لڑکی تقریباً 15 روز قبل تیسری مرتبہ لاہور پہنچی، جس کے بعد ڈیفنس میں مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حراست میں لیے گئے افراد کے کردار اور دیگر ممکنہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات بھی تفتیش کا حصہ بنائی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button