حکومت سیاحت کے فروغ اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر میں سیاحت کے فروغ، سیاحتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور اس شعبے سے وابستہ مقامی آبادی و نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے فعال اقدامات کر رہی ہے۔
عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے پاکستان اور دنیا بھر میں شعبہ سیاحت سے وابستہ افراد اور سیاحوں کے شوقِ سفر و جستجو کو خراج تحسین پیش کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، قدیم تاریخی یادگاروں، تہذیبی و ثقافتی ورثے اور مذہبی مقامات کے باعث سیاحت کے شعبے میں وسیع امکانات رکھتا ہے۔ ملک کے معتدل موسم، پہاڑی علاقوں کی پُرفضا آب و ہوا اور خوبصورت وادیاں دنیا بھر کے سیاحوں کو متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سرزمین وادیٔ سندھ اور گندھارا سمیت ہزاروں سال قدیم تہذیبوں اور شاندار ثقافتی ورثے کی امین ہے، جبکہ مذہبی سیاحت کے حوالے سے بھی ملک میں سکھ مت، بدھ مت اور دیگر مذاہب سے وابستہ تاریخی اور مقدس مقامات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو ایک محفوظ، پُرکشش اور مسابقتی سیاحتی مقام کے طور پر دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملکی سطح پر سیاحت کا فروغ معاشی ترقی اور مختلف ممالک کے درمیان بہتر روابط کا ذریعہ بنتا ہے، جبکہ مختلف ثقافتوں سے واقفیت انسانی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان کے مطابق سیاحت اور تفریح پر توجہ صحت مند ذہن اور مثبت ترجیحات کی عکاس ہے۔



