امن اور سیاسی استحکام معاشی ترقی کی بنیادی شرط ہے، احسن اقبال

نارووال(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب بڑھی ہے، تاہم ملک کو مزید معاشی ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے امن، سیاسی استحکام اور یقینی صورتحال بنیادی ضرورت ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جس ملک میں بدامنی، سیاسی بے یقینی، انتشار اور سڑکوں پر احتجاج ہو، وہاں بیرونی سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو معاشی بحالی کے عمل کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو یونیورسٹیوں سے نکال کر سڑکوں پر لانے کے بجائے کلاس رومز اور لیبارٹریوں میں جدید تعلیم اور ہنر فراہم کرنے چاہئیں تاکہ وہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں ملک کے لیے اپنا کردار ادا کرسکیں۔

احسن اقبال نے پی ٹی آئی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں دو مختلف طرزِ سیاست سامنے آرہے ہیں۔ ان کے بقول ایک جانب ترقی، تعلیم، لیپ ٹاپ اور ڈیجیٹل مہارتوں پر توجہ دینے کی بات کی جارہی ہے جبکہ دوسری جانب وہ سیاست ہے جسے وہ تشدد اور نفرت سے تعبیر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور ملک کو سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ سیاسی کشیدگی میں اضافہ بھی ملک کے لیے مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے مخالف عناصر ملک کے امن اور استحکام کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی جارہی ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ اختلافات کو جمہوری اور آئینی طریقہ کار کے تحت بات چیت، پارلیمنٹ اور عدالتوں کے ذریعے حل کیا جائے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عام پاکستانی ملک میں امن، استحکام اور معاشی ترقی چاہتا ہے۔ ان کے مطابق سیاسی بے یقینی دوبارہ بڑھی تو معاشی بحالی کا عمل متاثر ہوسکتا ہے، جس کا اثر بالآخر عام شہری اور نوجوان طبقے پر پڑے گا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے حوالے سے کہا کہ انہیں سیاسی قیدی قرار دینا درست نہیں، بلکہ وہ ایک عدالتی مقدمے میں سزا یافتہ ہیں۔ احسن اقبال نے 190 ملین پاؤنڈ کے مقدمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات اور مقدمات کا فیصلہ عدالتوں میں ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت نے پی ٹی آئی سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں کو سیاسی تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا کہا ہے، جبکہ جمہوری عمل کا تقاضا ہے کہ سیاسی اختلافات کو آئینی اور پارلیمانی فورمز پر حل کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button