اقوام متحدہ کے باہر کشمیر کے حق میں احتجاج، قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ

نیویارک(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے باہر ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم اور نیویارک و واشنگٹن میٹروپولیٹن علاقوں کی کشمیری امریکی کمیونٹیز کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں کشمیری، پاکستانی اور دیگر کمیونٹی نمائندوں سمیت خواتین، بچوں اور بزرگوں نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی جائے۔

مشترکہ بیان میں بھارتی وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے خطاب کا موقع دیے جانے پر بھی احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ مظاہرین نے بھارت پر کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزامات کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے کے اختتام پر اقوام متحدہ کے حکام کو ایک یادداشت بھی پیش کی گئی، جس میں مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے مؤثر سفارتی اقدامات پر زور دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button