این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب، 20 امیدواروں کے درمیان مقابلہ، پولنگ جاری

بہاولپور(جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، حلقے میں 20 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

حکام کے مطابق حلقے میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 2 لاکھ 48 ہزار 529 مرد اور 2 لاکھ 34 ہزار 614 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

این اے 168 میں مجموعی طور پر 292 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 130 مردوں اور 130 خواتین کے لیے مخصوص ہیں جبکہ 32 مشترکہ پولنگ اسٹیشنز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ حلقے میں ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر 896 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

ضمنی انتخاب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ پاک فوج اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی بھی ریزرو میں موجود رہے گی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث این اے 168 کی نشست خالی ہوئی تھی۔ ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ مسلم لیگ ن کے امیدوار ہیں جبکہ سابق وفاقی وزیر چودھری طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ولی داد چیمہ بھی آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button