ڈیرہ اسماعیل خان میں امن میلہ چیک پوسٹ پر خودکش دھماکہ،12 افراد شہید، 30 زخمی

ڈی آئی خان (جانوڈاٹ پی کے)خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے درازندہ میں مبینہ خودکش دھماکا ہواہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق12 افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے ہیں ۔۔
ذرائع کے مطابق دھماکا ڈی آئی خان- کوئٹہ روڈ پر واقع انسدادِ اسمگلنگ ’امن میلہ پولیس چیک پوسٹ‘ پر ہوا، بارود سے بھری گاڑی (VBIED) انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی۔
دھماکا انتہائی شدید نوعیت کا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انسدادِ اسمگلنگ چیک پوسٹ پر حملہ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر (اسمگلرز) کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے خوارج کی جانب سے ایک بار پھر سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو وحشیانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دھماکے کے نتیجے میں مجموعی طور پر 11 افراد نے جام شہادت نوش کیا، شہداء میں 6 پولیس اہلکار، 2 کسٹمز اہلکار، 2 خواتین اور ایک 2 سالہ بچہ شامل ہے۔
دھماکے میں پولیس اہلکاروں، کسٹمز حکام اور عام شہریوں سمیت 30 سے زائد افراد زخمی ہیں زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث شہداء کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
مقامی لوگوں میں خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے دہشت گردی سے لا تعلقی اور بے حسی پر شدید غصہ اور بیچینی پائی جاتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
قبل ازیں ریسکیو 1122 نے بتایا تھا درازندہ امن میلہ کے قریب دھماکے کی اطلاع ملتے ہی درازندہ اسٹیشن کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خان کی ہدایت پر ڈیرہ اسماعیل خان سے مزید 4 ایمبولینسز بمعہ عملہ بھی جائے وقوع روانہ کردی گئیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق ابتدائی کارروائی کے دوران 30 زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 11 جاں بحق افراد کی لاشیں بھی جائے وقوع سے منتقل کی گئیں۔
درازندہ امن میلہ چیک پوسٹ حملے پر گورنر خیبرپختونخوا نے اعلیٰ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حملہ فتنہ الہندوستان خوارج کی مذموم سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جائے گی۔



