حکومت سے مذاکرات کامیاب، کسان اتحاد کا اسلام آباد لانگ مارچ اچانک ملتوی

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) حکومت اور کسان اتحاد کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے، جس کے بعد کوئٹہ سے اسلام آباد کی جانب آج ہونے والا لانگ مارچ ملتوی کردیا گیا۔کسان اتحاد کے رہنما خالد حسین باٹھ کے مطابق حکومتی وفد نے کسانوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا فیصلہ ختم نہیں کیا گیا بلکہ آئندہ تاریخ کا اعلان مذاکرات کے بعد جلد کیا جائے گا۔اس سے ایک روز قبل کسان اتحاد نے 25 ستمبر کو کوئٹہ پریس کلب سے اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومتی نمائندے علی مدد جتک نے مذاکرات میں تعاون پر خالد حسین باٹھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومتی مؤقف سنا اور بات چیت کے ذریعے معاملے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔علی مدد جتک کے مطابق زیارت کراس پر کئی روز سے حالات کشیدہ تھے، جس کے باعث کسان اتحاد کے ساتھ مذاکرات کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ خالد حسین باٹھ کے ساتھ بیٹھ کر آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی مشاورت کریں گے۔کسان اتحاد کے چیئرمین نے اس سے قبل اپنے مطالبات کے حق میں اسلام آباد مارچ کا اعلان کیا تھا، جبکہ حکومت نے بھی کسان اتحاد سمیت احتجاجی مارچ کا اعلان کرنے والی تنظیموں سے مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button