کلینک آن ویل نے تاریخ رقم کردی،3کروڑ مریضوں کو علاج کی سہولت مل گئی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صحت کے شعبے سے متعلق ویڈیو لنک اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، جبکہ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کلینک آن ویل کے 911 مراکز سے 3 کروڑ سے زائد مریض مستفید ہوچکے ہیں۔اجلاس میں پنجاب کے 300 مریم نواز ہسپتالوں (رورل ہیلتھ سینٹرز) کو مکمل ہسپتالوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبے میں پہلی مرتبہ کلینک آن ویل کے لیے ڈیجیٹل میڈیکل باکس متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل میڈیکل باکس کے ذریعے الٹرا ساؤنڈ، بلڈ شوگر، سی بی سی اور ای سی جی کی سہولت دستیاب ہوگی، جبکہ کیمرہ منسلک کرکے طبی ماہرین سے ٹیلی کانفرنس بھی کی جاسکے گی۔ موبائل فون سے منسلک ہونے والی سمارٹ الٹرا ساؤنڈ ڈیوائس بھی متعارف کرائی جائے گی۔ اجلاس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ہسپتال کو ’’ہسپتال آف دی منتھ‘‘ کا اعزاز دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ناقص کارکردگی اور فرائض میں غفلت پر 4 ہسپتالوں کے ایم ایس تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا پول بھی قائم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں صفائی اور پارکنگ کے انتظامات بہتر بنانے، ہر ضلع میں نئی سی ٹی اسکین مشین فراہم کرنے اور موسمی و عام بیماریوں کے لیے ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کرنے کی ہدایت کی۔ٹیلی میڈیسن سینٹرز میں مریض ویڈیو کال کے ذریعے ڈاکٹر سے مشاورت کرسکیں گے، جبکہ ضرورت کے مطابق انہیں متعلقہ ہسپتال، وارڈ یا لیبارٹری میں ریفر کرنے اور وقت لینے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔



