اسلام آباد کو یرغمال بنانے کی کوشش ناکام بنائیں گے، بلال اظہر کیانی کا دوٹوک اعلان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ جاری ہے، حکومت کا مقصد ریلیف براہ راست حقدار شہریوں تک شفاف انداز میں پہنچانا ہے۔
اپنے بیان میں بلال اظہر کیانی نے کہا کہ حکومت عوامی ریلیف کے اقدامات کو جدید ڈیجیٹل نظام سے منسلک کر رہی ہے، جبکہ فیول اسکیم کے تحت مستحق افراد کی شفاف طریقے سے نشاندہی اور ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو معاشی دباؤ سے بچانے کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکلوں، رکشوں، چنگ چی رکشوں اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے ہدفی ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے کہا کہ ریاست کسی کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دے گی اور اسلام آباد کو یرغمال بنانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور امید ہے کہ آئندہ ایسی کوئی کوشش یا اقدام نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے تمام راستے اور شاہراہیں کھلی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ہر قسم کی کشیدگی اور مشکلات سے بچانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، جبکہ اسلام آباد پر حملہ کرنے والوں کو روکنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
دوسری جانب حکومت نے فیول کی بلا تعطل فراہمی کے لیے بھی پیشگی انتظامات کیے ہیں۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق 10 ہزار سے زائد پٹرول پمپس میں سے 8,500 سے زیادہ کو اسکیم کے تحت ادائیگیاں کی جاچکی ہیں، جبکہ اوگرا نے سپلائی کی نگرانی اور بحران سے نمٹنے کے لیے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا ہے۔



