جعلی خبریں پھیلانے والوں کی خیر نہیں! سندھ حکومت نے این سی سی آئی اے سے مدد مانگ لی

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے فیک نیوز اور گمراہ کن اطلاعات کے خلاف کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جعلی خبروں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈی جی اطلاعات معز پیرزادہ اور محکمہ اطلاعات کے تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس میں شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی کہ فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات کی نشاندہی، تصدیق اور بروقت تدارک کے لیے محکمہ اطلاعات میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مؤثر مانیٹرنگ میکنزم بنایا جائے۔
سینیئر وزیر نے کہا کہ جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کے ذریعے کسی فرد یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ فیک نیوز تیار کرنے یا پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے این سی سی آئی اے سے معاونت حاصل کی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ اطلاعات اور این سی سی آئی اے کے درمیان تعاون مزید بڑھایا جائے گا تاکہ سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع سے پھیلنے والی مبینہ جعلی اور گمراہ کن معلومات کی بروقت نشاندہی کی جاسکے۔
شرجیل انعام میمن نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت کے مؤقف اور اقدامات کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے جدید ذرائع ابلاغ سے استفادہ کیا جائے، جبکہ مختلف طبقات کے نمائندوں کو بھی حکومتی بیانیے کا حصہ بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے، جسے مزید مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے محکمہ اطلاعات اپنی میڈیا حکمت عملی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرے۔



