فلائی اوور کے نیچے جگہ کا شاندار استعمال، پیڈل ٹینس کورٹ شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت کے وژن کے تحت ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں، سکستھ روڈ فلائی اوور کے نیچے قائم پیڈل ٹینس کورٹ شہریوں خصوصاً نوجوانوں کے لیے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔پیڈل ٹینس کورٹ نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کر رہا ہے، جبکہ خواتین کے لیے بھی خصوصی کھیلوں کی سہولت دستیاب ہے۔ مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ و طالبات بھی اس سہولت سے استفادہ کر رہے ہیں۔حکام کے مطابق پیڈل ٹینس جسمانی سرگرمی، تفریح اور ٹیم ورک کا امتزاج ہے، جبکہ فلائی اوور کے نیچے دستیاب جگہ کو عوامی مفاد میں مؤثر انداز سے استعمال کرتے ہوئے کھیلوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے کھیلوں کی سہولیات کے ساتھ شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کی خوبصورتی، صفائی اور ماحول کو بہتر رکھنے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ادارے کے مطابق نوجوانوں کو صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے، کیونکہ کھیل جسمانی صحت کے ساتھ ذہنی تازگی میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کھیلوں کی دستیاب سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں اور عوامی مقامات کی صفائی و خوبصورتی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔



