نیدرلینڈز کا بڑا فیصلہ، اسرائیلی آبادکاریوں کی مصنوعات پر تجارتی پابندی نافذ

ایمسٹرڈیم (جانو ڈاٹ پی کے) نیدرلینڈز نے مقبوضہ مغربی کنارے، مشرقی یروشلم اور گولان کی پہاڑیوں میں قائم اسرائیلی آبادکاریوں سے آنے والی مصنوعات کی درآمد، خرید و فروخت پر پابندی نافذ کردی۔

نئے ضوابط کے تحت پابندی صرف ان اشیا پر لاگو ہوگی جو مذکورہ آبادکاریوں میں تیار یا حاصل کی گئی ہوں، جبکہ اسرائیل سے آنے والی تمام مصنوعات اس پابندی کے دائرے میں شامل نہیں ہیں۔ پابندی کے تحت ایسی مصنوعات کی درآمد کے ساتھ نیدرلینڈز میں ان کی خرید و فروخت اور متعلقہ تجارتی و بروکری خدمات بھی ممنوع قرار دی گئی ہیں۔

نئے قواعد کے مطابق آبادکاریوں سے خریدی گئی اشیا کو تحفے یا ذاتی استعمال کے لیے نیدرلینڈز لانا بھی ممنوع ہوگا، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی اور جرمانے کیے جا سکتے ہیں۔ حکام نے خاص طور پر جان بوجھ کر یا منظم خلاف ورزیوں پر توجہ دینے کا عندیہ دیا ہے۔ڈچ حکومت کے مطابق یہ اقدام مقبوضہ علاقوں میں اسرائیلی آبادکاریوں سے متعلق اس کی طویل مدتی پالیسی اور بین الاقوامی قانون کے حوالے سے ذمہ داریوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ حکومت پہلے ہی اسرائیلی آبادکاریوں کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دینے والے اپنے مؤقف کا اظہار کرچکی ہے۔نیدرلینڈز کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بعض دیگر یورپی ممالک بھی مقبوضہ مغربی کنارے کی اسرائیلی آبادکاریوں سے متعلق تجارتی پابندیوں یا دیگر اقدامات پر غور یا عملدرآمد کر رہے ہیں۔

اس اقدام کو اسرائیل کے ساتھ مکمل تجارتی بائیکاٹ نہیں کہا جا سکتا، کیونکہ پابندی کا دائرہ مخصوص اسرائیلی آبادکاریوں سے آنے والی مصنوعات تک محدود ہے۔

مزید خبریں

Back to top button