بجلی کے شعبے میں بڑی قانونی تبدیلی، پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے قوانین میں ترامیم منظور

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم سے متعلق قوانین میں اہم ترامیم کی راہ ہموار، کابینہ کمیٹی نے مشروط منظوری دے دی، سی سی ایل سی کی سفارشات شامل کرنا لازمی قرار۔کابینہ کمیٹی برائے تصفیہ قانون سازی امور (سی سی ایل سی) نے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم سے متعلق قوانین میں ترامیم کی مشروط منظوری دے دی۔وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کی زیر صدارت سی سی ایل سی کا اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ وزارتوں، محکموں اور ڈویژنز کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بجلی کے شعبے سے متعلق مجوزہ ترامیم کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے ترامیم کی منظوری اپنی سفارشات اور تجاویز شامل کرنے کی شرط پر دی۔سی سی ایل سی نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) فیس اینڈ چارجز رولز کی بھی منظوری دے دی۔اجلاس میں پاکستان کوسٹ گارڈز ایکٹ 1973 میں علاقائی فنڈ کے قواعد سے متعلق ترمیم اور ڈرگس ریسرچ رولز 1978 میں مجوزہ ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔دوسری جانب ایف آئی اے ایکٹ 1974 میں مجوزہ ترامیم اور امیگریشن رولز 1979 میں ترامیم سے متعلق معاملات کو مؤخر کردیا گیا۔



