پی ٹی آئی کا لانگ مارچ فی الحال مؤخر، نئی تاریخ کا اختیار اچکزئی اور ناصر عباس کو دے دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کا لانگ مارچ فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کرلیا، نئی تاریخ کے تعین کا اختیار محمود اچکزئی اور راجا ناصر عباس کو دے دیا گیا، 27 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان کسی بھی دن مارچ شروع کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے 27 ستمبر کو ہونے والا احتجاجی مارچ فی الحال مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق لانگ مارچ کی نئی تاریخ کے حوالے سے حتمی فیصلہ قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس کی ہدایت کی روشنی میں کیا جائے گا۔

سیاسی کمیٹی کی جانب سے 27 ستمبر سے 5 اکتوبر کے درمیان کسی بھی دن لانگ مارچ شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ تاہم حتمی تاریخ اور طریقہ کار کے حوالے سے مزید مشاورت جاری ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ ’’ہم نے تھکنا نہیں بلکہ تھکانا ہے‘‘، جبکہ لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کے لیے اپوزیشن قیادت سے رابطوں اور مشاورت جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔

تازہ رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی میں لانگ مارچ کو اکتوبر تک مؤخر کرنے کی تجاویز پہلے ہی زیرِ غور تھیں، جبکہ بعض ذرائع نے 5 سے 10 اکتوبر کی تاریخیں بھی تجویز کیے جانے کی اطلاع دی تھی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسلام آباد اور پنجاب کے بعض اضلاع میں سیکیورٹی کے لیے رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک منظور کر رکھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button