وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر کی اہم ملاقات، پاکستان اور ایران کا قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کی امریکا میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے اہم ملاقات جاری ہے، جس میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہیں، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہیں۔ملاقات میں دونوں رہنما پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور خطے میں ہونے والی اہم پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔اس سے قبل نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کی ملاقات میں علاقائی و عالمی پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں فریقین نے پاک ایران روابط کو مزید مستحکم رکھنے اور باہمی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



