وزیر داخلہ محسن نقوی کا اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف فوری کارروائی کا حکم، بیوٹیفیکیشن منصوبہ شروع کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے شہر میں ہر قسم کی تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے اور تمام شاہراہوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

محسن نقوی نے دورے کے دوران شہر کی مجموعی صورتحال، صفائی ستھرائی، شہری سہولیات اور خوبصورتی کے انتظامات کا جائزہ لیا، جبکہ اسکولز، ہوٹلز اور دیگر عوامی مقامات کا معائنہ بھی کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اسلام آباد میں تمام تجاوزات بلاامتیاز فوری طور پر ختم کی جائیں اور کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہ کی جائیں۔

انہوں نے شہر کی تمام سڑکوں کی بیوٹیفیکیشن کا منصوبہ بھی فوری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہوں، گرین بیلٹس، میڈینز اور دیگر خالی مقامات کی خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

محسن نقوی نے اسلام آباد کے خالی مقامات پر بڑے پیمانے پر شجرکاری کے احکامات بھی جاری کیے اور کہا کہ شہر کی گرینری کو مزید بہتر بنایا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے، اسے ہر لحاظ سے کیپٹل سٹی کی عکاسی کرنی چاہیے، جبکہ صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات شہر کے شایانِ شان ہونی چاہئیں۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو شہری سہولیات میں مزید بہتری اور بیوٹیفیکیشن کے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button