15 برس سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ تکمیل کے قریب، اگلے ماہ افتتاح کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) 15 برس سے زیر التوا اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ تکمیل کے مرحلے میں داخل ہوگیا، حکومت نے منصوبے کا افتتاح آئندہ ماہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں اسلام آباد ماڈل جیل منصوبے پر جاری تعمیراتی کام، انتظامی امور اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے منصوبے کے باقی ماندہ کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افتتاح سے قبل تعمیراتی، انتظامی اور دیگر تمام ضروری امور ہر صورت مکمل کیے جائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ 15 برس سے زیر التوا منصوبے کی تکمیل میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں، تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کرتے ہوئے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کریں۔

وزیر داخلہ نے منصوبے کی تکمیل کے لیے ضروری اقدامات بروقت یقینی بنانے اور کسی بھی سطح پر غیر ضروری تاخیر سے گریز کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں ماڈل جیل کے باقی ماندہ تعمیراتی کاموں، انتظامی معاملات اور افتتاح کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے اجلاس کو منصوبے پر جاری پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ماڈل جیل کے تعمیراتی کام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ منصوبے کی تکمیل کے عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہر ہفتے ماڈل جیل کا دورہ بھی کرتے ہیں۔

طلال چوہدری کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ماڈل جیل منصوبہ مقررہ وقت میں مکمل کرایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button