شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 8 دہشتگرد ہلاک

وانا(جانوڈاٹ پی کے) شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے نتیجے میں 8 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے فورسز سے بچنے کے لیے مسجد کو مبینہ طور پر ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم فورسز نے مسجد کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کارروائی کی۔
سکیورٹی فورسز کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشتگرد عناصر کے مکمل خاتمے اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔



