شروتی ہاسن شادی کے قریب پہنچ کر پیچھے ہٹ گئیں؟ اداکارہ کا بڑا انکشاف

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب وہ شادی کرنے کے فیصلے کے بالکل قریب پہنچ گئی تھیں، تاہم وہ شادی کے روایتی تصور اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تقریبات کو زیادہ اہمیت نہیں دیتیں۔
سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شروتی ہاسن نے کہا کہ انہیں کسی کا ساتھ اور رفاقت پسند ہے، لیکن وہ اپنی پوری زندگی خود کو کسی ایک مخصوص خانے میں محدود کرنے سے گریز کرتی رہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ شادی کی کاغذی کارروائی، غیر ضروری اخراجات اور دکھاوے میں انہیں خاص دلچسپی نہیں۔ ان کے مطابق اتنی بڑی رقم شادی پر خرچ کرنے کے بجائے اسے کسی ضرورت مند کی مدد کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
شروتی ہاسن نے بتایا کہ وہ ایک مرتبہ شادی کے فیصلے کے انتہائی قریب پہنچ چکی تھیں اور فیصلہ کن مرحلے پر انہیں اتنا خوف محسوس نہیں ہوا جتنا عام طور پر لوگ تصور کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ بڑی اور شاندار شادیوں کے خلاف نہیں بلکہ یہ طرزِ عمل ذاتی طور پر انہیں ہمیشہ پریشان کرتا رہا ہے۔
مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے ماں بننے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے کو جنم دینا ہی ماں بننے کا واحد راستہ نہیں، وہ بچے کو گود لینے کے آپشن کو بھی قابلِ قبول سمجھتی ہیں۔
شروتی ہاسن کی گفتگو سے واضح ہوتا ہے کہ وہ شادی اور والدین بننے کے معاملے میں روایتی توقعات کے بجائے اپنی ذاتی ترجیحات اور سوچ کو اہمیت دیتی ہیں۔



