امریکہ میں یوتھ ہاکی میچ کے دوران خوفناک واقعہ،کھلاڑی کا مخالف پر حملہ، چہرے پر اسٹک مار کر دو ٹکڑے کر دی!

بوسٹن (جانوڈاٹ  پی کے)امریکی ریاست میساچوسٹس میں یوتھ ہاکی میچ کے دوران ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں صرف 11 سالہ بچے نے کھیل کے جذبے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مخالف ٹیم کے کھلاڑی پر خونخوار حملہ کر دیا۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ‘بے اسٹیٹ بریکرز’ کا ایک کھلاڑی اچانک اپنے گول کے قریب موجود ‘ساؤتھ شور کنگز’ کے بچے کے پاس پہنچا اور بغیر کسی معقول وجہ کے اس کے چہرے پر خوفناک رفتار سے ہاکی اسٹک دے ماری۔
ضرب اتنی شدید تھی کہ ہاکی اسٹک موقع پر ہی ٹوٹ کر دو ٹکڑوں میں تقسیم ہو گئی۔ اس ہولناک حملے کے بعد ریفری نے فوری اقدام کرتے ہوئے حملہ آور کھلاڑی کو میچ سے باہر نکال دیا۔ نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق واقعہ ریکارڈ کرنے والے شخص نے بتایا کہ دونوں بچوں میں اس سے قبل بھی معمولی تلخ کلامی ہوئی تھی، تاہم اس قسم کے شدید تشدد کی کسی کو توقع نہیں تھی۔ متاثرہ بچے کے والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا خوش قسمتی سے محفوظ اور خیریت سے ہے۔ واقعے کے فوری بعد ‘بے اسٹیٹ بریکرز’ نے اپنے بیان میں حملہ آور بچے کو تمام میچز اور پریکٹس سیشنز سے غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button