بدین: ترقیوں میں مبینہ ناانصافی، پرائمری اساتذہ کی بھوک ہڑتال تیسرے روز بھی جاری

بدین (مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے) پرائمری اساتذہ کی ترقیوں میں مبینہ ناانصافی اور حقدار اساتذہ کو ترقی نہ ملنے کے خلاف آل سندھ پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (پ ٹ الف) کی علامتی بھوک ہڑتال تیسرے روز بھی جاری رہی۔

احتجاج میں ضلعی صدر محمد سلیم میمن، سینئر نائب صدر محمد بخش لغاری، نائب صدر طاہر بھرگڑی، جنرل سیکریٹری سید حسن شاہ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری گل محمد میمن، جنرل سیکریٹری ناہید آریسر، سٹی صدر خالد رستمانی، سٹی جنرل سیکریٹری شکیل احمد میمن سمیت بڑی تعداد میں اساتذہ نے شرکت کی۔

اساتذہ رہنماؤں نے الزام عائد کیا کہ 2024ء میں ترقیوں کے عمل کے دوران سینیارٹی اور میرٹ کو نظرانداز کیا گیا، جبکہ حقدار اساتذہ کی جانب سے تمام ضروری کوائف اور دستاویزات جمع کرائے جانے کے باوجود انہیں ترقی نہیں دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد اساتذہ بی ایڈ اور ایم ایڈ کی ڈگریاں رکھتے ہیں اور مختلف نشستیں خالی ہونے کے باوجود ترقیوں سے محروم ہیں۔

اساتذہ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ترقیوں کا عمل شفاف بنایا جائے اور سینیارٹی کے مطابق تمام حقدار پرائمری اساتذہ کو ترقی دے کر اپ گریڈ کیا جائے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کرکے تحریک مزید تیز کردی جائے گی۔ ان کے مطابق مطالبات کے حوالے سے متعلقہ حکام سے مذاکرات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button