صرف 3 منٹ کی تاخیر، بھارت کی ایشین گیمز میں میڈل امیدیں ختم

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے)ایشین گیمز 2026 میں بھارت کی ای اسپورٹس میں میڈل جیتنے کی امیدیں ایک غیر معمولی صورتحال کے باعث دم توڑ گئیں، منگولیا کی ٹیم مقررہ وقت پر چیک اِن نہ کرسکی اور بھارت کو واک اوور ملنے کے باوجود بھارتی ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ نہ بنا سکی۔
تفصیلات کے مطابق ای فٹبال کے گروپ ایف کے اہم میچ میں منگولیا کی ٹیم مقررہ وقت پر چیک اِن کرنے میں ناکام رہی، جس پر قوانین کے تحت بھارت کو فورفیٹ کامیابی دے دی گئی۔
بھارتی ٹیم کے مطابق منگولیا کے ٹیم لیڈر چیک اِن کے مقررہ وقت سے صرف تین منٹ تاخیر سے پہنچے، تاہم قواعد کے تحت میچ کھیلنے کی اجازت نہیں دی گئی اور بھارت کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔ حیران کن طور پر اس کامیابی کا اسکور 0-0 ہی شمار ہوا۔
اس سے قبل بھارتی کھلاڑی ڈینیئل پٹیل اور چنمے ساہو نے ازبکستان کے خلاف گروپ میچ 0-0 سے ڈرا کیا تھا، جبکہ ازبکستان نے منگولیا کو موبائل اور کنسول مقابلوں میں مجموعی طور پر 0-2 سے شکست دی تھی۔
بھارت کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے منگولیا کے خلاف بہتر نتیجے کی ضرورت تھی، تاہم میچ شروع ہی نہ ہوسکا۔ بھارتی ٹیم نے فیصلہ تبدیل کرکے میچ کھیلنے کی درخواست بھی کی، لیکن حکام نے قواعد کے مطابق فیصلے کو برقرار رکھا۔
نتیجتاً بھارت گروپ کی بہترین دوسرے نمبر کی ٹیموں میں شامل نہ ہوسکا اور اگلے مرحلے سے باہر ہوگیا، جبکہ تھائی لینڈ اور سعودی عرب نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔



