پی ٹی آئی لانگ مارچ، اسلام آباد پولیس نے کمر کس لی،210کنٹینرز اور2لاکھ ریت کی بوریاں تیار

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد اسلام آباد پولیس نے سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں تیز کردی ہیں، شہر کے داخلی راستوں کو بند کرنے اور ممکنہ مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق شہر کے مختلف انٹری پوائنٹس کو بند کرنے کے لیے 210 کنٹینرز درکار ہوں گے، جبکہ 2 لاکھ سے زائد ریت کی بوریاں بھی منگوا لی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ممکنہ احتجاج کے پیش نظر ایک لاکھ 10 ہزار آنسو گیس شیل کا انتظام کرلیا گیا ہے۔ آنسو گیس شیل فائر کرنے والی 1300 گنز پہلے سے پولیس کے پاس موجود ہیں، جبکہ مزید 500 گنز کا آرڈر بھی دیا گیا ہے۔
کنٹینرز کی تنصیب اور انہیں ہٹانے کے لیے اسلام آباد پولیس کے پاس 22 کرینیں بھی دستیاب ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ریڈ زون اور ایکسٹینڈڈ ریڈ زون میں پہلے ہی سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، جبکہ ریڈ زون کی جانب جانے والے تین راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔
لانگ مارچ کے پیش نظر دوسرے صوبوں سے پولیس کی اضافی نفری بھی اسلام آباد پہنچ چکی ہے، جبکہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر اضافی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



