پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کے روزانہ 10 منٹ کے کوئیک ٹیسٹ لازمی قرار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے سرکاری سکولوں میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے اور سیکھنے کے عمل کا باقاعدہ جائزہ لینے کے لیے روزانہ 10 منٹ کے کوئیک ٹیسٹ لازمی قرار دے دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق سرکاری سکولوں میں طلبہ کا ماہانہ جامع اسیسمنٹ بھی لازمی ہوگا، جبکہ روزانہ کوئیک ٹیسٹ اور ماہانہ اسیسمنٹ کے نتائج کا باقاعدہ ریکارڈ محفوظ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ہر طالب علم کے ماہانہ ٹیسٹ اور سکول بیسڈ اسیسمنٹ کے نمبرز متعلقہ پورٹل پر درج کیے جائیں گے، جبکہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کے ریکارڈ کی افسران کے سکول دوروں کے دوران جانچ بھی کی جائے گی۔
حکام نے چیف ایگزیکٹو افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری سکولوں میں روزانہ کوئیک ٹیسٹ اور ماہانہ اسیسمنٹ کے نظام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
حکام کے مطابق ماہانہ اسیسمنٹ کے ذریعے طلبہ کی تعلیمی کمزوریوں کی نشاندہی کرکے ان پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جبکہ سیکرٹری سکول ایجوکیشن کے دوروں کے دوران اسیسمنٹ رجسٹر کا خصوصی جائزہ بھی لیا جائے گا۔



