ابرار احمد نے پہلی بار ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کے لیگ اسپنر ابرار احمد نے شاندار کارکردگی کی بدولت پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولرز رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔
نئی رینکنگ کے مطابق افغانستان کے اسپنر راشد خان ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں، جو گزشتہ چھ ماہ سے ٹی ٹوئنٹی بولرز کی عالمی رینکنگ میں سرفہرست تھے۔
ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے والے پاکستان کے پانچویں بولر بن گئے ہیں۔ ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
پاکستان کے محمد نواز بولرز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ سلمان مرزا ایک درجے تنزلی کے بعد 19ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے جیمی اوورٹن نے رینکنگ میں نمایاں بہتری حاصل کرتے ہوئے 47 درجے ترقی کی اور کیریئر کی بہترین چھٹی پوزیشن حاصل کرلی۔
بیٹرز کی رینکنگ میں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف کامیاب ہوم سیریز کے بعد کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
جوز بٹلر نے سیریز میں 172 رنز بنائے اور اب وہ ہیری بروک سے ایک درجے پیچھے پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ کوئی دوسرا پاکستانی بیٹر ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے۔
دوسری جانب ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے پانچ درجے ترقی کرتے ہوئے 24ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔



