پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، جلسے، جلوس، دھرنے اور 5 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق یہ پابندیاں 23 ستمبر سے 5 اکتوبر تک نافذ العمل رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے تحت پنجاب بھر میں عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، جلسوں، جلوسوں، دھرنوں، ریلیوں اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

حکومتی احکامات کے مطابق عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی سرعام نمائش پر بھی پابندی ہوگی، جبکہ غیر قانونی اجتماعات میں شرکت کی دعوت یا لوگوں کو اکسانے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پابندیوں کا اطلاق شادی کی تقریبات، نماز جنازہ اور تدفین، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر مذہبی عبادت گاہوں میں معمول کے اجتماعات پر نہیں ہوگا۔

اسی طرح عدالتوں، سرکاری و حکومتی اداروں، باضابطہ انتظامی اجازت سے منعقد ہونے والی تقریبات اور ڈیوٹی پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو بھی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button