غزہ کی تعمیر نو فوری شروع کی جائے، اسرائیل پر دباؤ بڑھایا جائے، رجب طیب اردوان

نیویارک(ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ تباہ حال غزہ کی تعمیر نو کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے اور اسرائیل پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردوان نے کہا کہ غزہ کی تعمیر نو مزید مؤخر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ فلسطینی علاقے میں تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ترک صدر کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور علاقے کے بنیادی ڈھانچے کا ایک بڑا حصہ متاثر ہوچکا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غزہ کی صورتحال بہتر بنانے اور تعمیر نو کا عمل شروع کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2025 میں امریکی ثالثی میں جنگ بندی کے باوجود غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں اور امدادی سامان کی رسائی سے متعلق صورتحال پر عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کا کہنا ہے کہ تعمیر نو کے لیے ضروری آلات اور دیگر سامان کی رسائی میں رکاوٹیں غزہ کی بحالی کے عمل کو متاثر کر رہی ہیں۔



