پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کا نیا نظام نافذ، گھروں اور کمرشل یونٹس سے ماہانہ فیس وصول ہوگی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب کے شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی کے لیے نیا نظام نافذ کردیا گیا ہے، جس کے تحت گھروں اور کمرشل یونٹس سے رقبے اور حجم کے مطابق ماہانہ فیس وصول کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ستھرا پنجاب اتھارٹی اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کے درمیان سروس لیول ایگریمنٹ پر دستخط ہوگئے۔ معاہدے پر ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید اور ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے دستخط کیے۔

نئے نظام کے تحت مالی سال 2026-27 میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پراپرٹی ٹیکس کے ساتھ صفائی فیس بھی وصول کرے گا۔ گھر گھر سروے، صفائی فیس کے بلوں کی پرنٹنگ اور بلوں سے متعلق شکایات کے ازالے کی ذمہ داری بھی ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو سونپی گئی ہے۔

رہائشی گھروں کے لیے ماہانہ صفائی فیس رقبے کے حساب سے مقرر کی گئی ہے۔ 5 مرلہ تک کے گھر سے 300 روپے، 5 سے 10 مرلہ تک 500 روپے، 10 سے 20 مرلہ تک ایک ہزار روپے، 20 سے 40 مرلہ تک 2 ہزار روپے جبکہ 40 مرلہ سے زائد کے گھروں سے 5 ہزار روپے ماہانہ وصول کیے جائیں گے۔

نئے نظام میں کمرشل یونٹس بھی شامل ہیں۔ چھوٹے کمرشل یونٹس سے 500 روپے، درمیانے درجے کے یونٹس سے ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کمرشل یونٹس سے 3 ہزار روپے ماہانہ صفائی فیس وصول ہوگی۔

حکام کے مطابق صفائی فیس کی وصولی کی خدمات فراہم کرنے پر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ ایک فیصد سروس چارجز وصول کرے گا۔

ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے صفائی فیس وصول کرنے کا فیصلہ اگست میں ہونے والے 36ویں صوبائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد پنجاب کے تمام شہری علاقوں میں صفائی فیس کی وصولی، بلوں کی تیاری اور شکایات کے ازالے کے لیے یکساں اور منظم نظام قائم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button