سعودی قومی دن پر مریم نواز کی سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اپنے خصوصی پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مکہ معاہدے سے خوش ہیں، جبکہ پاکستانی عوام الحرمین الشریفین کی حفاظت کو اپنے لیے سعادت سمجھتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام سعودی عرب کو محبت، عقیدت اور قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور سعودی عرب میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا گو ہیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات اعتماد، خلوص، اخوت اور اسلامی بھائی چارے پر مبنی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مکہ معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔

مریم نواز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت اور دانشمندی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں سعودی عرب عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کے رشتے کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور دونوں ممالک کو مزید ترقی و خوشحالی عطا فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button