پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو 2026 کے نتائج جاری، لاہور میں کامیابی کا تناسب 64 فیصد سے زائد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو 2026 کے سالانہ امتحانات کے نتائج جاری کردیئے ہیں۔
لاہور بورڈ کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 89 ہزار 373 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے ایک لاکھ 23 ہزار 60 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ بورڈ کے مطابق کامیابی کا مجموعی تناسب 64 فیصد سے زائد رہا۔
دوسری جانب تعلیمی بورڈ ملتان نے بھی انٹرمیڈیٹ فرسٹ اینول امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ بورڈ کے مطابق امتحانات میں 79 ہزار 796 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 53 ہزار 489 امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 67.3 فیصد رہا۔
بہاولپور بورڈ کے نتائج کے مطابق انٹرمیڈیٹ امتحانات میں مجموعی طور پر 60 ہزار 592 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں 48 ہزار 249 ریگولر اور 12 ہزار 343 پرائیویٹ امیدوار شامل تھے۔
بہاولپور بورڈ کے مطابق 31 ہزار 850 ریگولر جبکہ 4 ہزار 454 پرائیویٹ امیدوار کامیاب قرار پائے۔ مجموعی کامیابی کا تناسب 59.92 فیصد رہا، جبکہ ریگولر امیدواروں کی کامیابی کی شرح 66.01 فیصد اور پرائیویٹ امیدواروں کی شرح 36.09 فیصد رہی۔
بورڈ کے مطابق پنجاب گروپ آف کالجز نے بہاولپور بورڈ میں مجموعی طور پر 9 پوزیشنز حاصل کیں۔



