آئی ایم ایف آئندہ سال یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے میں معاونت کرے گا، زیلنسکی

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آئندہ سال یوکرین کی مالی اور معاشی استحکام برقرار رکھنے کیلئے درکار فنڈز کے ایک حصے کے حصول میں مدد کرے گا۔
روئٹرز کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر صدر زیلنسکی نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف 2027ء میں یوکرین کی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے معاونت فراہم کرے گا۔
یوکرینی حکام کے مطابق 2027ء کیلئے ملک کو مجموعی طور پر تقریباً 52 ارب 60 کروڑ ڈالر کی بیرونی مالی معاونت درکار ہے، جبکہ اس رقم کے ایک بڑے حصے کی فراہمی ابھی یقینی بنانا باقی ہے۔
زیلنسکی کا کہنا تھا کہ روسی حملوں کا مقصد صرف انسانی جانوں کو نقصان پہنچانا نہیں بلکہ کاروباری اداروں اور ریاستی نظام کو بھی زیادہ سے زیادہ متاثر کرنا ہے، اسی لیے موجودہ صورتحال میں میکرو فنانشل معاونت یوکرین کیلئے خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔
آئی ایم ایف پہلے ہی یوکرین کے 48 ماہ کے ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی پروگرام کے تحت مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ جولائی 2026ء میں فنڈ نے پروگرام کے پہلے جائزے کی تکمیل کے بعد تقریباً 69 کروڑ ڈالر کی فوری ادائیگی کی منظوری دی تھی۔



